کاغذی شیر اور رائل بنگال شیر میں فرق : ممتابنرجی

پرولیا (مغربی بنگال) ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس سربراہ ممتابنرجی نے بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کو پھر ایک بار زبردست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’کاغذی شیر‘‘ اور ’’رائل بنگال شیر‘‘ میں کافی فرق ہے۔ انہوں نے ضلع پرولیا میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا انہیں (مودی) کو یہ بھی پتہ نہیں کہ کاغذی شیر اور رائل بنگال شیر میں کافی فرق ہوتا ہے۔ بنگال میں رائل بنگال شیر مضافاتی میں پایا جاتا ہے۔

ممتابنرجی نے کہا کہ تخریبی، فسادات کا مؤجب بننے والے اور نسلی امتیاز رکھنے والے دستوری طور پر وزارت عظمیٰ کی کرسی تک نہیں پہنچ سکتے جنہوں نے ہندو اور مسلمانوں کے مابین فسادات کرائے اور نسلی امتیاز پیدا کیا اس کے علاوہ بنگالی اور غیربنگالی تقسیم کی انہیں قانونی اور دستوری طور پر وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھنے کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور کے معماروں جیسے باباصاحب امبیڈکر نے دوراندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ سیکولرازم برقرار رہے اور اس اعلیٰ عہدہ تک پہنچنے کا راستہ آسان نہ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا دستور سیکولرازم کی طمانیت دیتا ہے۔