عوام ڈینگو میں مبتلا ،محکمہ بلدیہ کی کارکردگی لمحہ فکر
کاغذنگر /16 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کاغذنگر پریس کلب میں مسلم تنظیموں کے ذمہ دارن نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کاغذنگر میں محکمہ بلدیہ کی کارکردگی صفر کے برابر ہے ۔ شہر میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے عوام ڈینگو جیسی مہلک امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔ بلدیہ کی اراضی پر ناجائز قبضوں کی طرف توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ سڑکوں کی خستہ حالت محکمہ بلدیہ کے عہدیداروں کو دکھائی نہیں دیتی ۔ شہر کی اہم شاہراہوں پر برقی کی سربراہی نہ ہونے کی وجہ سے اندھیرا چھایا ہوا ہے ۔ خصوصاً بس اسٹانڈ یا تودیا ودھیالیہ کا علاقہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے ۔ آئے دن وہاں حادثات ہوتے رہتے ہیں ۔ میونسپل کمشنر ٹاون پلاننگ آفیسر چیرپرسن وائس چیرمین کے علم میں بھی یہ بات لائی گئی لیکن اس طرح توجہ دینے والا کوئی نہیں ۔ متعلقہ میونسپل کونسلرس بھی شہر کے ترقیاتی کاموں کی طرف توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ چیرپرسن تو صرف میونسپل وارڈس کے دورہ میں ہی مصروف ہیں اور میونسپل کمشنر کو بھی کوئی دلچسپی نہیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر قریشی ، جناب عبدالمتین ، جناب جاوید ، جناب حبیب ، جناب ضمیر اور دیگر موجود تھے ۔