کاغذنگر میں ریلوے اووربرج کی تعمیر میں تاخیر

کاغذنگر۔13جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر کاویٹی سمیا رکن اسمبلی سرپور نے کاغذنگر کے ریلوے اوور برج کی تعمیر میں تاخیر کی وجہ دریافت کرنے کے سلسلہ میں ٹرانسکو ‘ آر اینڈ بی اور میونسپل کے اعلیٰ عہدیداروں کو اپنی رہائش گاہ پر طلب کیا اور انہوں نے کہاکہ ریلوے اوور برج کی تعمیر میںتاخیر کی وجہ عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ‘ابھی تک متعلقہ مہاتما گاندھی روڈ کے دونوں بازؤں پر برقی کھمبے بھی نہیں نکالے گئے ۔ سڑک کی تعمیر بھی ادھوری ہی ہے ۔ مسٹر درشن کمار ڈپٹی انجنیئر ٹرانسکو نے ان کے علم میں یہ بات لائی کہ بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب یہ کام ادھورا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کُل 30برقی کھمبے مہاتما گاندھی روڈ پر موجود ہیں ‘ ان کو نکالنا نہایت ہی ضروری ہے ۔

اس ضمن میں اب تک 7لاکھ روپئے خرچ کئے گئے ۔ مزید 16لاکھ روپیوں کی منظوری دی جارہی ہے ۔ بہت جلد اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ۔ مسٹر کاویٹی سمیا نے انہیں ہدایت دی کہ ریلوے اوور برج کی تعمیر میں مزید تاخیر نہ ہونے پائے ۔ اس موقع پر مسٹر سرینواس اے ڈی ای ‘ ڈاکٹر ٹی دامودھر راؤ پریسیڈنٹ روٹری کلب ‘ مسٹر مرلی کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین مسٹر سریش ‘ مسٹر ایم سرینواس اور مسٹر جگا گوڑ موجود تھے ۔