شوہر کو حیرت میں ڈالنے ویڈیو کلپ بھیجنے والی بیوی حیرت میں پڑگئی
دبئی 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی ایک خاتون کو اس کے شوہر نے محض موٹر کار چلانے پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے طلاق دینے کا فیصلہ کرلیا۔ اس سعودی خاتون کی حیرت کی اُس وقت کوئی انتہا نہیں رہی جب اُس کے برہم شوہر نے اپنی بیوی کی موٹر ڈرائیونگ پر مبنی ایک ویڈیو کلپ دیکھا اور اس کلپ کے ساتھ بیوی کے پاس پہونچ کر طلاق دینے کے فیصلے کا اعلان کردیا۔ سعودی عرب میں خواتین کے موٹر کار چلانے پر امتناع عائد ہے۔
واقعہ دراصل یہ ہے کہ مشرقی صوبہ میں ایک بیوی نے کار چلاتے ہوئے ویڈیو کلپ نکالا اور اپنی موٹر ڈرائیونگ پر شوہر کو حیرت زدہ کرنے کیلئے ایک ویڈیو کلپ بھیج دیا لیکن اُس وقت اُلٹا وہ حیرت میں پڑگئی جب شوہر نے کلپ دیکھنے کے بعد خود اُس کو طلاق دینے کا فیصلہ کرلیا۔ برہم شوہر کا کہنا تھا کہ بیوی نے اُس کی اجازت و مرضی کے بغیر کھلے عام کار چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے قانون اور روایات کی خلاف ورزی کی ہے۔ چنانچہ اُس نے رشتہ ازدواج کو ہی ختم کردینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ شوہر نے جج سے کہاکہ اُس نے ویڈیو کلپ دیکھنے کے بعد اپنی بیوی کو مار پیٹ نہیں کی اور صرف یہ کہاکہ وہ جائے اور اپنے مائیکے میں رہے تاوقتیکہ طلاق کے دستاویزات تیار نہیں کئے جاتے۔