کارڈن سرچ ‘ 10 لینڈ گرابرس و دیگر حراست میں

حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے بعد رمضان کارڈن سرچ آپریشن کا دوبارہ آغاز کردیا۔ آج صبح اولین ساعتوں میں پولیس نے چندرائن گٹہ کے علاقہ اندرا نگر کالونی اور عمدہ ہلز کالونی میں گھر گھر تلاشی مہم لیتے ہوئے کئی جرائم پیشہ افراد اور10 لینڈ گرابرس لینڈ گرابرس کو حراست میں لے لیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا کی نگرانی میں 400 پولیس ملازمین بشمول 3 تلنگانہ اسٹیٹ پولیس فورس پلاٹونس، 2 ویمن پولیس پلاٹونس نے کارڈن سرچ آپریشن کے تحت جملہ 37 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا جس میں چندرائن گٹہ علاقہ میں جرائم میں ملوث 8 ملزمین، 6 روڈی شیٹرس اور فلک نما علاقے کے 8 روڈی شیٹرس شامل ہیں۔ پولیس نے 45 موٹر سیکلیں، تین آٹوز دستاویزات کی عدم موجودگی کے نتیجہ میں ضبط کرلئے۔ پولیس نے اس آپریشن کے دوران چندرائن گٹہ پولیس کو مطلوب ایک عادی سارق محمد بن عبداللہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے 10 لینڈ گرابرس کو بھی حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کارڈن سرچ آپریشن کے دوران فرزانہ اور منصور نے ہوم گارڈ رانی پر مبینہ حملہ کردیا۔ اے سی پی فلک نما محمد تاج الدین احمد نے بتایا کہ اِس آپریشن کے تحت لینڈ گرابنگ میں ملوث 10 افراد شیخ ارشد علی، محمد عبدالخالق، سائرہ تنسنیم، سعیدہ بانو، محمد نصیرالدین، حبیبہ آمنہ، نثارالدین خان کو حراست میں لے لیا۔ اسی طرح محمد شریف، سید جاوید، عبدالوہاب، محمد عظیم، محمد معین الدین، محمد خواجہ معزالدین، محمد وسیم الدین اور محمد سلمان الدین کو حراست میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے یہ کارروائی کی گئی اور آئندہ بھی ایسی کارروائیاں کی جائیں گی ۔