حیدرآباد ۔ /6 مارچ (سیاست نیوز) چادر گھاٹ پولیس نے ملک پیٹ میں واقع ایک مشہور کارپوریٹ ہاسپٹل کے خلاف لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اولڈ ملک پیٹ ، ایچ بی کالونی کے ساکن محمد معظم علی خان ریڑھ کی ہڈی کے فریکچر کے سلسلے میں دواخانہ پہونچے تھے جہاں پر وہاں ایک ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر ایم شراون کمار نے ایکسرے نکالا اور اس میں فریکچر ہونے کی بات غلط بتائی ۔ جبکہ معظم علی خان نے اسی دواخانہ کے ڈاکٹر کے کرشنا سبرامنیم کے پاس اپنا علاج شروع کیا جہاں پر انہوں نے ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہونے کی بات بتائی ۔ درخواست گزار نے اپنی شکایت میں چادر گھاٹ پولیس کو یہ بتایا کہ ریڈیالوجسٹ کی اس لاپرواہی کی وجہ سے ان کی صحت متاثر ہوسکتی تھی اور اس سلسلے میں انہوں نے لاپرواہی کا الزام عائد کیا ۔ چادرگھاٹ پولیس نے تعزیرات ہند کے دفعہ 336 کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔