حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) ملک پیٹ میں واقع ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں آج اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک مریض کے رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی کی۔ تفصیلات کے بموجب 32 سالہ شیو پرساد ساکن تارامتی پیٹ حیات نگر جو امریکہ کا این آر آئی بتایا جاتا ہے، 26 فروری کو یشودھا ہاسپٹل ملک پیٹ میں پیٹ کے ٹیومر کے آپریشن کے لئے شریک کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹروں نے شیو پرساد کا 4 مارچ کو آپریشن کیا اور رشتہ داروں کے علم کے بغیر اُس کا ایک گردہ بھی نکال دیا۔ اِس بات کا پتہ چلنے پر شیو پرساد کے رشتہ دار بڑی تعداد میں یشودھا ہاسپٹل ملک پیٹ پر پہونچ گئے اور وہاں پر دواخانہ انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ اِس واقعہ کے بعد دواخانہ کے قریب کشیدگی پیدا ہوگئی جس کے نتیجہ میں ایسٹ زون پولیس نے بھاری پولیس فورس کو متعین کردیا اور مریض کے برہم رشتہ داروں کو منتشر کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چادرگھاٹ پولیس نے اِس سلسلہ میں ایک مقدمہ بھی درج کیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔