کارپوریٹر کو عدالتی نوٹس

نظام آباد:30؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مجلسی کارپوریٹرس کیخلاف عدالت میں حریف امیدواروں نے 2 سے زائد بچے ہونے کی شکایت کرنے پر فاضل جج نے کانگریسی امیدواروں کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے نوٹس جاری کی ہے ۔ ڈویژن نمبر 13 محلہ پھولانگ کے محمد یوسف عرف مظہر پٹیل کے خلاف کانگریسی امیدوار محمد جاوید علی عرف صابر نے منتخبہ مجلسی کارپوریٹر محمد یوسف کو پنچایتی راج ایکٹ کے تحت 1995 ء کے بعد 2 سے زائد بچے ہونے کی شکایت کی ۔ ڈویژن نمبر 37 منتخب مجلسی کارپوریٹر میرپرویز علی کے خلاف کانگریس امیدوار عبدالکریم ببونے شکایت کرتے ہوئے ان کی رکنیت کو برخواست کرنے کی عدالت سے درخواست گذاری کرنے پر عدالت نے ان کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے انہیں 3؍ جون تک جواب داخل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ پنچایت راج ایکٹ کے خلاف 2سے زائد بچے ہونے کی اب تک 6 مجلسی کارپوریٹر کے خلاف شکایت کی گئی ہے اس کے علاوہ مزید کارپوریٹرس کے خلاف بھی شکایت کرنے کے امکانات ہیں ان میں مجلس کے علاوہ دیگر کارپوریٹر شامل ہے۔