کارلووچ کے ریکارڈ 45ایسیس‘ فیڈرراگلے حریف

ہال( جرمنی) ۔20جون( سیاست ڈاٹ کام ) سات مرتبہ کے چمپئن راجر فیڈرر گذشتہ رات منعقدہ مقابلہ میں کامیابی کے ذریعہ ہال اوپن کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے تاہم سیمی فائنل کے میںان کا مقابلہ آئیو کارلووچ سے ہوگا جنہوں نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں 45 ایسیس اسکور کرتے ہوئے ایک عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر فائز راجر فیڈرر نے کوارٹر فائنل مقابلہ میں جرمنی کے فلوریان میئر کو 6-0 ‘ 7-6(7-1) سے شکست دی ہے اور وہ اس شاندار مظاہروں کے ذریعہ آٹھویں ومبلڈن خطاب کیلئے پُرعزم دکھائی دے رہے ہیں ۔ فیڈرر نے کوارٹر فائنل میں شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلا سیٹ صرف 19منٹوں میں بہ آسانی اپنے نام کرلیا لیکن دوسرے سیٹ میں حریف کھلاڑی کی جانب سے انہیں سخت مقابلہ کا سامنا رہا ۔دوسری جانب کارلووچ نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں 45 ایسیس کے ذریعہ ٹامس برڈچ کے خلاف 7-5 ‘ 6-7(8-10) ‘ 6-3 کی کامیابی حاصل کی ۔ 36سالہ کارلووچ جن کا قد 6′-11″ انچ ہے ‘انہوں نے ٹورنمنٹ میں تیز رفتار سرویس کے ذریعہ 94ایسیس اسکور کئے ہیں ۔ عالمی ریکارڈ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کارلووچ نے کہا کہ وہ اس ریکارڈ پر مسرور ہیں ‘ تاہم تین سیٹوں میں مشتمل مقابلہ میں کامیابی کہیں زیادہ اطمینان بخش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس مارنے سے یہ سہولت رہتی ہے کہ کھلاڑی بہ آسانی والیس سے بچ سکتا ہے ۔کارلووچ کا ریکارڈ خاتون زمرے کے ریکارڈ کے ایک دن بعد منظر عام پر آیا ہے جیسا کہ گذشتہ روز جرمنی کی سیبین لیسکی نے 27ایسیس اسکور کئے ہیںجو کہ خاتون زمرے کا عالمی ریکارڈ ہے۔ جاپان کے نشی کوری بھی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکے ہیں ‘ جب کہ ایک اور سیمی فائنل کھلاڑی کا ہنوز باقی ہے ۔