کارخانہ اور ٹاٹا نگر میں آتشزدگی کے واقعات

آئیل کمپنی اور پلاسٹک گودام میں آگ ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ /18 اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبر آباد میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں پلاسٹک اور تیل کا گودام جلکر خاکستر ہوگیا ۔ پہلا واقعہ آج دوپہر سکندرآباد کارخانہ کے علاقے نیو واسوی نگر کالونی میں پیش آیا جس میں وجئے آئیل کمپنی یا تیل کا گودام جلکر خاکستر ہوگیا ۔ پولیس کے بموجب آئیل کمپنی کے مالک سریش نے آج گودام کھولنے کے بعد وہاں پر پوجا کی اور کسی کام کے سلسلے میں باہر چلے گئے ۔ دوپہر 12.15 بجے گودام کی تیسری منزل کے شٹرس سے اچانک دھواں نکلتا ہوا دیکھ کر مقامی عوام نے پولیس کو آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں سکندرآباد فائر اسٹیشن سے وابستہ دو فائر انجنوں کو جائے حادثہ پر روانہ کیا گیا ۔ اس حادثہ میں 16 لیٹر کے 200 ٹن باکس اور کئی تیل کے پیاکٹس جلکر خاکستر ہوگئے ۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ آئیل کمپنی کے مالک کی جانب سے جلائے گئے دِیئے کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس کارخانہ نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں راجندر نگر کے علاقے ٹاٹا نگر میں پلاسٹک کا گودام جلکر خاکستر ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں پلاسٹک گودام میں اچانک آگ لگنے کی اطلاع پولیس کنٹرول روم کو دی گئی جس کے نتیجہ میں چندولال بارہ دری ، گولی گوڑہ اور مادھاپور فائر اسٹیشنس سے وابستہ تین فائر انجن جائے حادثہ پر بھیجے گئے اور تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ راجندر نگر فائر اسٹیشن کے فائر آفیسر ٹی جگن موہن نے بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہوگا ۔ پولیس میلاردیوپلی نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔