انا ڈی ایم کے ارکان کے احتجاج سے پارلیمنٹ کی کارروائی ملتوی
نئی دہلی ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : انا ڈی ایم کے ارکان نے آج ایرسیل ۔ مکسیس کے مسئلہ پر سابق وزیر چدمبرم کے فرزند کارتی کے خلاف کارروائی کے مطالبہ پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی درہم برہم کردی ۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کو ابتدائی اوقات میں ہی دوپہر تک ملتوی کردیا گیا ۔ لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی انا ڈی ایم کے ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ کر ایرسیل ۔ مکسیس (Maxis) معاملہ پر اعتراض کیا ۔ اور ایرسیل ۔ مکسیس کے خلاف کارروائی میں تاخیر پر احتجاجی نعرے بلند کئے ۔ انا ڈی ایم کے ارکان نے ایک انگریزی اخبار میں شائع رپورٹس کو پیش کیا جس میں یہ ادعا کیا گیا کارتی نے عالمگیر سطح پر رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کی ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور انکم ٹیکس عہدیداروں کی جانب سے کارتی کی قیام گاہ اور دفاتر پر دھاوے میں یہ انکشاف ہوا ہے ۔ ہنگامہ آرائی اور شور شرابہ کے دوران بھی اسپیکر سمترا مہاجن نے وقفہ صفر کو جاری رکھا ۔ لیکن صورتحال بے قابو ہوجانے پر کارروائی کو 10 منٹ کے لیے ملتوی کردیا گیا ۔ جس کے دوران انا ڈی ایم کے ارکان نے انگریزی اخبار کی کاپیاں بی جے پی ارکان میں تقسیم کیے ۔ دریں اثناء کانگریس صدر سونیا گاندھی ، ڈپٹی اسپیکر ایم تھمیی دورائی سے بات چیت کرتے ہوئے دیکھی گئیں ۔ جن کا تعلق انا ڈی ایم کے سے ہے ۔
لوک سبھا کی کارروائی جب دوبارہ شروع ہوئی تو انا ڈی ایم کے ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ کر نعرہ بازی کرنے لگے ۔ جس پر وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو سے کہا کہ اگرمناسب طریقہ پر نوٹس دی جائے تو ایوان میں بحث کروائی جاسکتی ہے ۔ اور حکومت اس مسئلہ پر بحث کے لیے تیار ہے۔ ایک موقع پر کانگریس لیڈر ملک ارجن کھرگے نشست سے اٹھ کھڑے ہوئے اور دیگر مسائل اٹھانے کی کوشش کی ۔ بظاہر وہ دلت اسکالر روہیت ویمولا کی خود کشی واقعہ پر وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کے خلاف تحریک مراعات کی سمت اشارہ کررہے تھے لیکن انا ڈی ایم کے ارکان نے خاموش کروادیا ۔ سونیا گاندھی نے ملک ارجن کھرگے کے قریب انا ڈی ایم کے ارکان کی نعرہ بازی پر اعتراض کیا اور لیفٹ پارٹیوں کے بعض ارکان نے بھی اس موقع پر اسپیکر سے مداخلت کی خواہش کی ۔ اسپیکر نے کاروائی کو 12 بجے تک ملتوی کردی ۔
راجیہ سبھا میں اس طرح کے مناظر دیکھے گئے جہاں پر انا ڈی ایم کے ارکان نے بیٹے اور باپ ( کارتی اور چدمبرم ) کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرہ بازی کی ۔ جس کے باعث ایوان کی کارروائی دوپہر تک کے لیے ملتوی کردی گئی ۔ وقفہ صفر کے لیے ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوتے ہی انا ڈی ایم کے ارکان انگریزی اخبار کی کاپیاں لہراتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے ۔ اگرچیکہ ڈپٹی اسپیکر پی جے کورین نے احتجاجی ارکان کو نشستوں پر واپس جانے کی ہدایت دی ۔ لیکن کوئی اثر نہیں ہوا ۔ جس کے بعد کارروائی کو 12 بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔ انا ڈی ایم کے بعض ارکان بشمول وی متیرائن کو ایوان کے فرش پر بیٹھے ہوئے دیکھا گیا ۔ کورین نے احتجاجیوں سے کہا کہ اگر وہ کسی شخص ( پارلیمنٹ کارکن نہیں ہے ) کے خلاف کارروائی چاہتے ہیں تو حکومت سے رجوع ہوں ۔ مجھے کیوں مشکل میں پھانس رہے ہو میں نہ ہی کوئی حکومت ہوں ۔ ایوان میں نظم و ضبط بحال کرنے میں تعاون کریں ۔