کارتی چدمبرم کیخلاف لک آؤٹ نوٹس پر فیصلہ کرنے سپریم کورٹ کی مدراس ہائیکورٹ کو ہدایت

نئی دہلی۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج بدعنوانی کے ایک معاملے میں سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے فرزند کارتی چدمبرم اور دیگر کی درخواست پر مدراس ہائیکورٹ کو فیصلہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف جسٹس دیپک مشرا نے واضح کیا کہ کارتی چدمبرم اور دیگر کے خلاف 16 جنوری اور 28 جولائی کو لک آؤٹ نوٹس جاری کیا گیا تھا، اس وقت تک قابل اطلاق رہے گا جب تک مدراس ہائیکورٹ اس درخواست پر کوئی فیصلہ نہ لے لے۔ سپریم کورٹ کی بینچ جس میں اے ایم کھنویل کر اور ڈی وائی چندر چوڑ شامل تھے، ہدایت دی کہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اس درخواست پر آج سے دو مہینوں کے اندر فیصلہ لیں گے۔ سپریم کورٹ کی بینچ نے ہائیکورٹ کو مکمل اختیار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر بھی آزادانہ فیصلہ کرے کہ درخواست گذار خصوصی میرٹ کی بنیاد پر بیرون ملک سفر کرسکتا ہے یا نہیں۔