کابینہ کے فیصلوں کا خیرمقدم

نظام آباد :18؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی حکومت کی جانب سے کل کابینہ میں کئے گئے فیصلہ پر ضلع کی عوام میں مسرت پائی جارہی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے قرضہ جات کی معافی کی اسکیم سے ضلع نظام آباد کے کسانوں کو 2075 کروڑ روپئے قرضہ جات معاف ہورہے ہیں اور ضلع کے 2لاکھ 50 ہزار افراد کو مختلف اسکیمات سے استفادہ حاصل ہورہا ہے۔ تفصیلات کے بموجب تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اپنے انتخابی منشور میں ایک لاکھ روپئے کے زرعی قرضہ اور شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو 10لاکھ اور ملازمت فراہم کرنے کے علاوہ سرکاری ملازمین کو انکریمنٹ دینے کا اعلان کیا تھا اور ان چیزوں پر عمل کرنے کیلئے کل ریاستی کابینہ میں منظوری دی گئی ہے۔ ریاستی کابینہ کے فیصلہ سے ضلع کے 30 ہزار سرکاری ملازمین کو فائدہ حاصل ہورہا ہے ۔ معمر اور بیوائوں، جسمانی معذورین اور دیگر افراد کو 1500 روپئے کے وظائف منظورکرنے پر ضلع نظام آباد میں 2لاکھ 21 ہزار 76 افراد کو فائدہ حاصل ہورہا ہے اور ضلع نظام آباد میں زرعی قرضہ جات کی معافی سے 3لاکھ کسانوں کو فائدہ حاصل ہورہا ہے ۔ ضلع نظام آباد میں 2لاکھ 34 کروڑ زرعی قرضہ کسانوں نے حاصل کیا تھا اسی طرح سونا رہن رکھتے ہوئے کسانوں نے 41 کروڑ روپئے کے قرضہ جات حاصل کیا تھا حکومت کے اعلان سے کسانوں میں مسرت پائی جارہی ہے۔ ضلع میں تقریباً2 ہزار کنٹراکٹ ملازمین ہے اور ان سب کو سرکاری ملازمت حاصل ہورہے ہیں۔ سال 2001 سے ضلع نظام آباد میں تلنگانہ تحریک میں شدت پیدا کی گئی اور تقریباً 13 سال میں 660 افراد نے تلنگانہ کے حصول کیلئے جان کی قربانی دے چکے ہیں ان تمام کے افراد خاندان کو فی کس 10لاکھ روپئے کے علاوہ مستحق افراد کو ملازمت بھی حاصل ہوگی۔ 2001 ء سے سینکڑوں افراد تلنگانہ تحریک میں حصہ لیتے ہوئے مختلف کیسوں ملوث ہے کیسوں میں ملوث تمام افراد کو راحت ہوگی۔