کابینہ کی تشکیل پر چندر شیکھر راؤ کا غور و خوض جاری

حیدرآباد 30 مئی ( آئی این این ) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے صدر اور تلنگانہ کے نامزد چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ابھی اپنی کابینہ میں شامل کئے جانے والے ارکان کے تعلق سے قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ حلف برداری کے تعلق دو امکانات پر غور کر رہے ہیں۔ پہلا امکان ہے کہ وہ 2 جون کو راج بھون میں چھ وزرا کے ساتھ علامتی طور پر حلف لیں گے ۔

دوسرا امکان یہ ہے کہ پہلے مرحلہ میں 14 وزرا کو کابینہ میں شامل کیا جائے ۔ دونوں ہی صورتوں میں مسٹر چندر شیکھر راؤ تلنگانہ اسمبلی کے پہلے اجلاس کے بعد اپنی کابینہ میں توسیع کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ امکان ہے کہ وہ اتوار کی شام تک ان افراد کی فہرست گورنر کو روانہ کرسکتے ہیں جنہیں 2 جون کو حلف دلایا جائیگا ۔ نئی حکومت 2 جون کو صبح 8.15 بجے راج بھون میں حلف لینے والی ہے ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین جو کے سی آر کی کابینہ میں شامل کئے جاسکتے ہیں ان میں پوچارم سرینواس ریڈی ‘ ٹی ہریش راؤ ‘ جوپلی کرشنا راؤ اور پا پا راؤ ارکان اسمبلی کے علاوہ ارکان قانون ساز کونسل سوامی گوڑ اور محمد محمود علی شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ نے مجلس کو دو وزارتی قلمدان سونپنے کی پیشکش کی ہے تاہم ابھی تک ان کی پیشکش پر مجلس نے کوئی جواب نہیں دیا ہے ۔ اس دوران سمجھا جارہا ہے کہ کریمنگر رکن پارلیمنٹ مسٹر بی ونود کمار کو ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کا لیڈر بنایا جائیگا ۔