کابل میں زور دار دھماکہ کم از کم 6 افراد ہلاک

کابل ۔ 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) افغان دارالحکومت کابل میں پیر کے روز ہوئے ایک زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ افغان وزارت صحت کے ترجمان وحید مجروح کے مطابق واقعے میں 6 ہلاکتوں کے علاوہ 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔ وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ کابل کے وسطی علاقے میں ایک ہائی اسکول کے سامنے ہوا۔اس سے قبل پیر کی صبح افغان عہدیداران نے بتایا کہ خوست میں افغان طالبان تحریک کے جنگجوؤں کے ایک بھرپور حملے میں افغان سکیورٹی فورسز کے اہل کاروں کی ایک بڑی تعداد ہلاک ہو گئی۔ عہدیداران کے مطابق اتوار کی شام فراہ شہر کے نزدیک ایک چیک پوائنٹ پر ہونے والے حملے میں تقریبا 50 سکیورٹی اہلکار مارے گئے۔ حملے کے بعد فریقین کے درمیان کئی گھنٹوں تک لڑائی جاری رہی۔اسی دوران غزنی میں اسپیشل فورسز کے 25 اہل کار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔