کابل ۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کابل کے بین الاقوامی ایرپورٹ پر ہوئے خودکش حملہ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 23 ہوگئی۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق زخمی ہونے والوں کی تعداد 107 بتائی گئی ہے۔ یاد رہیکہ یہ خودکش دھماکہ اس وقت کیا گیا جب سینکڑوں افراد جلاوطنی سے واپس آئے۔ نائب صدر عبدالرشید دوستم کا استقبال کرنے کے بعد واپس جارہے تھے۔ وزارت صحت نے پہلے ہی یہ اندیشے ظاہر کئے تھے کہ مہلوکین اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے جو اس سے قبل بالترتیب 14 اور 60 بتائے گئے تھے۔ مہلوکین میں اے ایف پی کا 31 سالہ ڈرائیور محمد اختر بھی شامل ہے جو اس وقت رات کی شفٹ میں کام کرنے جارہا تھا۔ اس حملہ کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے اپنی امق نیوز ایجنسی کے حوالہ سے لی ہے۔ عبدالرشید دوستم کا ایرپورٹ پر استقبال کرنے کے افغان حکومت کے سینئر عہدیدار سیاسی قائدین اور حامی ایرپورٹ گئے تھے۔ زائد از ایک سال جلاوطنی کے بعد افغانستان واپس آنے پر دوستم کا ایرپورٹ پر والہانہ استقبال کیا گیا تھا۔