کائل ملز کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

آکلینڈ۔یکم اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائل ملز نے بھی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 36 سالہ ملز نے 17 سالہ کیریئر میں 170 ونڈے، 42 ٹی ٹوئنٹی اور 19 ٹسٹ میچز میں بلیک کیپس کی نمائندگی کی۔ کائل نے اپنے کیریئر میں 327 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ کائل ملز کے کیریئر کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ انہوں نے 15 اپریل 2001 کو شارجہ میں پاکستان کیخلاف ونڈے کیرئیر شروع کیا تھا اور 31 جنوری 2015 کو، ویلنگٹن میں پاکستان ہی کیخلاف اپنا آخری ونڈے بھی کھیلا۔ کائل نے آخری ٹی 20 میچ بھی دبئی میں 5 دسمبر 2014 کو پاکستان ہی کے خلاف کھیلا تھا۔ایک روز قبل ڈانیل ویٹوری بھی ریٹائر ہوگئے ۔

اسٹارک ابتدائی آئی پی ایل سے محروم
بنگلورو۔یکم اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام) رائل چیلنجرس بنگلور آئی پی ایل کی شروعات میں میچل اسٹارک کی خدمات سے محروم ہوں گے کیوں کہ آسٹریلیائی پیسر گھٹنے میں تکلیف سے بحال ہورہے ہیں جبکہ وہ حالیہ ورلڈ کپ میں زبردست محنت کے بعد کچھ آرام بھی کرنا چاہتے ہیں ۔ اسٹارک کی عدم موجودگی میں آر سی بی کو نئے ریکروٹ آڈم ملنے (نیوزی لینڈ ) پر انحصار کرنا پڑے گا ۔