کاؤنٹی کرکٹ : میچ کی پہلی تین گیندوں پر ہیٹ ٹرک

لندن ، 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ووسٹر شائر کے بولر جو لیچ نارتھمپٹن شائر کے خلاف میچ کی پہلی ہی تین گیندوں پر ہیٹ ٹرک کرکے دنیائے کرکٹ کے دوسرے گیندباز بن گئے۔ جو لیچ نے یہ ریکارڈ رائل لندن ونڈے کپ کے اتوار کو کھیلے گئے میچ کے دوران بنایا۔ جو لیچ نے اپنے پہلی دو گیندوں پر رچرڈ لیوی اور راب کیوگ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کے ذریعے آؤٹ کیا جبکہ کھیل کی تیسری گیند پر انہوں نے جیک شانٹری کی وکٹ حاصل کرکے سب کو حیران کر دیا۔ بالکل اسی طرح کا ریکارڈ سری لنکا کے پیس بولر چمندا واس بھی اپنے نام کر چکے ہیں جب انہوں نے 2003ء کے ورلڈ کپ کے ایک میچ میں بنگلہ دیش کے تین کھلاڑیوں کو میچ کی پہلی تین گیندوں پر آؤٹ کیا تھا۔ واس کے ریکارڈ کی منفرد بات پہلے اوور میں چار وکٹیں حاصل کرنا رہی جیسا کہ انہوں نے میچ کی پانچویں گیند پر بھی وکٹ حاصل کی تھی۔