میڈرڈ ۔ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بارسلونا اور اسپین کی فٹبال ٹیم کے لیے بہترین مڈفیلڈنگ کھلاڑی ژاوی ہرنانڈس نے رواں سیزن کے بعد سبکدوش ہونے کا اعلان کردیا۔ 39 سالہ ژاوی نے عالمی فٹبال کو 2014 میں خیر باد کہہ دیا تھا اور ایک سال بعد انہوں نے بارسلونا سے بھی علیحدگی اختیار کرلی تھی جس کے بعد وہ قطری کلب السعد کے لیے کھیل رہے تھے اور مستقبل میں کوچ بننے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 19-2018 کا سیزن میرا کھلاڑی کے طور پر آخری سیزن ہوگا، میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں مجھے کوچ بننے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں مزید 4 ہفتوں تک اپنے21 سالہ کیریئر، جس کی وجہ سے میں نے پوری دنیا گھومی ہے، کے آخری میچز کھیلوں گا۔