ڈ9 ڈسمبر کو ایڈیلیڈ میں ہند ۔ آسٹریلیا پہلا ٹسٹ

ایڈیلیڈ۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹسٹ کے انعقاد پر موجود غیریقینی صورتِ حال ختم ہوچکی ہے اور آنجہانی بیٹسمین فل ہیوز کی چہارشنبہ کو آخری رسومات کے بعد ان کے آبائی مقام ایڈیلیڈ میں پہلا ٹسٹ کھیلا جائے گا۔ ہیوز واقعہ سے قبل ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹسٹ 4 ڈسمبر کو برسبین میں مقرر تھا لیکن کھلاڑی کی حادثہ میں ہونے والی موت کے بعد پہلے ٹسٹ کو ملتوی کردیا گیا ہے، تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے سرکاری پارٹنرس چیانل 9 ویب سائیٹ نے ابتداء میں امید ظاہر کی تھی کہ پہلا ٹسٹ ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا اور بعدازاں کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کردیا کہ بارڈر ۔ گواسکر ٹرافی کا پہلا ٹسٹ 9 ڈسمبر کو یہاں شروع ہوگا۔ جبکہ برسبین میں 17 ڈسمبر سے دوسرا ٹسٹ کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں ایڈیلیڈ کو 12 ڈسمبر کو شروع ہونے والے ٹسٹ کی میزبانی دی گئی تھی لیکن امید کی جارہی تھی ۔تفصیلات کے بموجب دوسرا ٹسٹ برسبین میں 17 ڈسمبر کو شروع ہوگا جس کے بعد ملبورن کا ٹسٹ 26 ڈسمبر سے کھیلا جائے گا اور سڈنی میں چوتھا اور آخری مقابلہ 6 جنوری کو شروع ہوگا۔ شیڈول میں اس تبدیلی کے بعد برسبین میں جہاں قبل ازیں پہلا ٹسٹ منعقد شدنی تھا، اب یہاں باکسنگ ڈے ٹسٹ سے قبل دوسرا ٹسٹ کھیلا جائے گا۔ گزشتہ ہفتہ کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف ہندوستان کا ٹور مقابلہ ہیوز کی موت کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے لیکن اب امکان ہے کہ ہندوستانی ٹیم کو رواں ہفتہ کے اواخر پریکٹس میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ دریں اثناء کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمس سودر لینڈ نے اس موقع پر بی سی سی آئی سے اظہار تشکر کیا ہے کیونکہ اس نے اس تمام مشکل وقت کرکٹ آسٹریلیا کا ساتھ دیا ہے۔ ٹسٹ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کے علاوہ انگلینڈ کیساتھ منعقد شدنی سہ رخی سیریز کیلئے بھی وقفہ موجود ہے۔