ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ کی کامیابی کے بعد مزید مقابلوں کا منصوبہ

اڈیلیڈ ۔ 30 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان یہاں منعقدہ تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائیڈ ٹسٹ کو کھلاڑیوں اور شائقین کی جانب سے کامیاب قرار دیئے جانے کے بعد گلابی گیند کے ساتھ مصنوعی روشنی میں مزید مقابلوں کا منصوبہ بنایا جارہا ہے ۔ 138 سالہ کرکٹ کی قدیم تاریخ میں رواں ہفتہ منعقدہ پہلے ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ مقابلہ میں میزبان آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف سنسنی خیز تین وکٹوں کی کامیابی حاصل کی ہے۔ نیز اس پہلے ڈے اینڈ نائیٹ مقابلہ کے تین دنوں میں 37 وکٹیں گری ہیں اور گلابی گیند کا غلبہ رہا ہے لیکن دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے ابتدائی دو مقابلے جو کہ برسبین اور پرتھ میں کھیلے گئے تھے ، اس سے کہیں زیادہ شائقین ڈے اینڈ نائیٹ مقابلہ کے مشاہدہ کیلئے میدان میں موجود تھے ۔ اڈیلیڈ میں منعقدہ تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ جس کا تین دن میں نتیجہ حاصل ہوا لیکن ان تین دنوں میں میدان پر شائقین کی تعداد 123,736 رہی جوکہ مقابلہ کو شائقین کے اعتبار سے کامیاب قرار دینے کیلئے کافی ہے۔ مقابلہ کے ابتدائی دن 47,441 شائقین میدان پر موجود تھے جوکہ 1932-33 ء کی سیریز کے بعد سب سے بڑی تعداد ریکارڈ کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں میزبان نشریاتی ادارہ نائین نیٹ ورکس نے بھی اپنی نشریاتی ریکارڈس کو حوصلہ افزاء قرار دیا ہے جیسا کہ اتوار کے دن مقابلہ کا مشاہدہ کرنے والے شائقین کی تعداد 3.19 ملین رہی۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور برینڈن میکالم نے بھی اس مقابلہ کو کامیاب قرارد یا ہے جیسا کہ آسٹریلیائی کپتان اسمتھ نے کہا کہ مقابلہ کے تین دنوں کے دوران میدان کے داخلوں سے 120,000 شائقین داخل ہوئے ہیں جوکہ ناقابل فراموش حقیقت ہے۔ مکالم نے بھی اسے ایک شاندار مقابلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تین دن کے دوران ہی ایک لاکھ 20 ہزار شائقین کا میدان کا رخ کرنا یقیناً ٹسٹ کرکٹ کی نئی تاریخ ہے اور امید کرتا ہوں کہ یہ کامیابی اپنا سلسلہ جاری رکھے گی۔ تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے حوصلے بلند ہوچکے ہیں اور وہ آئندہ برس پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف مزید دو ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ مقابلوں کا ابھی سے منصوبہ تیار کرلیا ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے بموجب گلابی گیند کے ذریعہ مصنوعی روشنی میں کھیلے جانے والے ٹسٹ مقابلوں کا کامیاب انعقاد یقینی ہوسکتا ہے اور یہ روایتی پانچ دن کی کرکٹ کیلئے بہتر بھی ہے۔ ساؤتھ آسٹریلیا کرکٹ اسوسی ایشن نے پہلے ہی میزبان کرکٹ بورڈ سے مذاکرات شروع کردیئے ہیں تاکہ آئندہ ڈسمبر میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف برسبین میں ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ کا انعقاد یقینی ہوسکے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف اگزیکیٹیو جیمس سودرلینڈ نے کہا ہے کہ مجھے اس حقیقت میں کوئی شک دکھائی نہیں دے رہا ہے کہ گبا کی وکٹ پر گلابی گیند سے ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ مقابلہ منعقد ہوگا اور امید ہے کہ گبا کیلئے یہ بہتر موقع ہے کہ وہ اپنی روشنی کے نظام کو بہتر کرلے کیونکہ عنقریب اسے ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ کی میزبانی سونپی جاسکے۔ دریں اثناء ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ کیلئے فی الحال گلابی گیندوں کی وافر مقدار میں فراہمی اہم مسئلہ ہے جس کے لئے انتظامیہ نے وکٹ پر گھاس رکھی تھی تاکہ مقابلہ جلد ختم ہونے کے علاوہ گیند کو زیادہ دیر تک اصلی حالت میں رکھا جاسکے۔