دبئی ۔ 30 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی کے چیف اگزیکیٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے آج پہلے ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ کی کامیابی کی ستائش کرتے ہوئے اس کو کامیاب بنانے والے انتظامیہ اور ہر فرد کو مبارکباد دی ہے ۔ تاریخ ساز پہلا ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا اور اڈیلیڈ کے اس تاریخ ساز مقابلہ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز تین وکٹوں کی کامیابی حاصل کی۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے رچرڈسن نے کہا کہ اڈیلیڈ میں منعقدہ پہلا ڈی اینڈ نائیٹ ٹسٹ کافی کامیاب رہا جس کا دنیا بھر میں لطف اندوز مشاہدہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے تاریخ ساز مقابلہ کو کھیل کے ذ ریعہ سنسنی خیز بھی بنایا ہے ۔ دونوں ٹیموں نے مکمل گیم اسپرٹ کے ساتھ اس مقابلہ کو کھیلا ہے اور اس کے مشاہدہ کیلئے ریکارڈ شائقین موجود تھے جنہوں نے کرکٹ کا مثبت انداز میں مشہور کیا ہے ۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں رچرڈسن نے مزید کہا کہ انتظامیہ مستقبل میں نہ صرف مزید ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ منعقد کرے گا بلکہ اس کو مستقل پروگرام کے تحت فیوچر ٹور کا بھی حصہ بنائے گا تاکہ ٹسٹ کرکٹ کو مقبول بنایا جاسکے۔