دبئی۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدرظہیر عباس نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کھیل کا فائدہ ہوگا۔ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا ٹسٹ ڈے اینڈ نائٹ اور گلابی گیند کے ساتھ کرکٹ کے ایک نئے باب کا آغاز ہے ۔ماضی کے عظیم بیٹسمین نے مزید کہا ہیکہ میں1977میں ان چند خوش نصیب کھلاڑیوں میں سے ایک تھا جس سے کیری پیکر نے معاہدہ کیا تھا اور میں نے پہلی مرتبہ ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں شرکت کی تھی۔ اب 38 سال بعد روشنیوں میں ٹسٹ میچ کھیلا جانا اس جانب ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔کھلاڑیوں کو کیری پیکر کا شکر گذار ہونا چاہیے جس نے کرکٹ میں فلڈ لائٹس اور رنگین کپڑوں کو متعارف کروایا۔ظہیر عباس نے کہاکہ رات میں ہونے والے ٹسٹ میچ سے عام تماشائیوں کے لئے اچھا موقع ہے کہ وہ اپنے کاموں سے فارغ ہونے کے بعد ٹسٹ دیکھیں اور بچے اسکولوں سے گھر آکر اس کھیل کا مزہ لے سکیں۔