ڈی کاک کو میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ

چٹگانگ، 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمن کوئنٹن ڈی کاک پر بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال کے ساتھ الجھنے پر میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ کر دیا گیا۔ یہاں جاری پہلے ٹسٹ کے کل دوسرے روز لنچ کا وقفہ ہونے پر تمیم بیٹنگ کر رہے تھے، وہ ڈریسنگ روم جانے کیلئے مڑے تو وکٹ کیپر کوئنٹن ان کے سامنے آ گئے اور ان کو کندھے سے ٹکر ماری، جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی، جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملہ نے بیچ بچائو کرایا۔ میچ ریفری کرس براڈ نے دن کا کھیل ختم ہونے پر کوئنٹن اور جنوبی افریقی ٹیم کے مینجر کو طلب کیا اور وکٹ کیپر پر آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔