ڈی ویلیرس سال کے بہترین کھلاڑی

جوہانسبرگ ۔4 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے سب سے کامیاب ترین بیٹسمین تصور کئے جانے والے جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیرس نے جنوبی افریقہ کی ایوارڈ تقریب میں تقریباً پانچ ایوارڈس حاصل کئے ہیں جس میں متواتر دوسری مرتبہ سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی شامل ہے ۔ 9 بڑے ایوارڈس میں ڈی ویلیرس نے 5 ایوارڈس اپنے نام کئے ہیں جس میں ونڈے کے بہترین کرکٹر ، سال میں کھلاڑیوں کے کھلاڑی کا ایوارڈ ، جنوبی افریقہ کے شائقین کے پسندیدہ کھلاڑی ، انتہائی شاندار کھلاڑی اور ونڈے کی تیز ترین سنچری کا ایوارڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔

ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 148 رنز پر ڈھیر
ڈومنیکا۔4 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کیخلاف یہاں شروع ہوئے پہلے ٹسٹ کے پہلے دن بہتر شروعات کے باوجود میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی جیسا کہ اس کی آخری 9 وکٹیں صرف 85 رنز کے اضافہ پر پویلین لوٹ گئی ۔ دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ دوسرے دن کی صبح شاندار فام میں موجود اسٹیو اسمتھ اور پہلا ٹسٹ کھیل رہے ایڈم ووجس اننگز کو پھر شروع کریں گے ۔