بنگلور ۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل 2019 کے ایک میچ میں رائل چیلنجرس بنگلورو نے کنگس الیون پنجاب کو شکست دیکر پلے آف میں اسکی رسائی کے امکانات کو مشکل کردیا ہے۔ آر سی بی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیویلیئرس کی طوفانی اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورس میں چار وکٹ پر 202 بنائے ، جس کے جواب میں پنجاب کی ٹیم سات وکٹ پر 185 رن ہی بناسکی۔ آرسی بی کو کپتان کوہلی اور پارتھیو پٹیل نے تیز شروعات دلائی۔ تاہم کوہلی زیادہ دیر تک کریز پر نہیں رہ سکے اور 13 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ڈیویلیئرس اور پارتھیو پٹیل نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ پارتھیو پٹیل 43 رن بناکر آوٹ ہوئے۔ تاہم ایک طرف ڈیویلیئرس کھڑے رہے اور انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سات چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں میں 82 رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ آخر میں اسٹونس نے 46 رنز بنائے۔ پنجاب کیلئے محمد سمیع ، اشون ، مروگن اشون اور وجیون نے فی کس ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں کنگس الیون پنجاب کو پہلا جھٹکا 42 کے مجموعی اسکور پر کرس گیل کی شکل میں لگا۔ گیل 23 رن بناکر آوٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ کے ایل راہول نے 42 ، مینک اگروال نے 35 ، ڈیوڈ ملر نے 24 ، پورن نے 46 رن بنائے۔