ڈی ویلیئرس اور ڈوپلیسی کی سنچریاں

ہرارے ۔28اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) اے بی ڈی ویلیئرس اورفاف ڈوپلیسی نے آسڑیلین بولروں کی پٹائی کی اورآسڑیلیا کو 7وکٹوں سے شکست سے دوچار کردیا۔ارون فنچ کی سنچری رائیگاں گئی۔اے بی ڈی ویلیئرس 136 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ فاف ڈوپلیسی نے 106رنز بنائے۔ فاتح ٹیم نے 327رنز کا ہدف تین وکٹوں پر پورا کرلیا۔ زمبابوے میں جاری سہ رخی سیریز میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر حریف ٹیمکو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔آسڑیلیا نے 7وکٹوں کے نقصان پر 327رنز بنائے۔ ارون فنچ اور فلپ ہیوز نے شاندار آغاز کیا۔92 رنز کے مجموعی اسکور پر ہیوز 51رنز بناکر عمران طاہر کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔ 229 رنز پر ارون فنچ میک لارین کی گیند پر آوٹ ہوئے۔انہوں نے ایک چھکا اور 9چوکوں کی مدد سے 102رنز بنائے۔ جارج بیلی 66رنز بناکر مورنی مورکل کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ گیلن میکسویل کو بھی انہوں نے 7رنز پر آوٹ کردیا۔اسٹیون اسمتھ 31رنز بناکر میک لارین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔براڈ ہیڈن صرف 9رنز بناپائے۔ جیمز فالکنر 10 اور مچل جانسن 23 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ مورکل،عمران طاہر اورمیک لارین نے فی کس دو اوراسٹین نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں جنوبی افریقی ٹیم نے 44رنز پر ہاشم آملہ کی وکٹ گنوائی وہ 24رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ جبکہ 51رنز پرڈی کوک بھی 19 کی اننگز کھیل کر مچل اسٹارک کی گیند کا شکار ہوئے۔ اس کے بعد فاف ڈپلیسی اور اے بی ڈیلیئرس نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا موقف مستحکم کردیا ۔فاف ڈپلیسی نے ونڈے کریر کے تین برس بعد ونڈے کی پہلی سنچری بنالی۔ انہوں نے 2011ء میں ہندوستان کے خلاف میچ میں ونڈے کیریئر کا اآغاز کیا تھا۔ وہ 106 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔اے بی ڈی ویلیئرس نے کیریئر کی 18 ویں سنچری بناکر ونڈے میں مارک وا کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ جے پی ڈومینی 33رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔مچل اسٹارک 2 اورکین رچرڈ سن نے ایک وکٹ لی۔اے بی ڈی ویلیئرس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔