ڈی ویلیئرس‘گیل‘شکیب‘ملنگا‘سنگاکارا اور پولارڈ کی پاکستان لیگ میں شرکت؟

لاہور۔ 5اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سوپر لیگ کے انعقاد کیلئے تیاریاں تیز کردیں ۔جنوبی افریقہ ، ویسٹ انڈیز ،سری لنکا ،بنگلہ دیش اور زمبابوے کے کرکٹرز نے رابطہ کرنے پر پاکستان سوپر لیگ کھیلنے پرآمادگی ظاہر کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سوپر لیگ کیلئے پی سی بی نے جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، بنگلہ دیش اور زمبابوے کے اسٹار کرکٹرز سے رابطہ کیا۔ جن کرکٹرز سے رابطہ کیا گیا ہے ان میں جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر جیک کیلس،جین پال ڈومینی،اے بی ڈی یلیئرز اور وکٹ کیپر بیٹسمین ڈی کوک ، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، مشرفی مرتضیٰ اور تمیم اقبال ،ویسٹ انڈیز کے کرس گیل،کیرن پولارڈ اور ڈیرن براوو، سری لنکا کے تلک رتنے دلشان، لاستھ ملنگا، کمار سنگا کارا اور انجیلو میتھیوز شامل ہیں جبکہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے 6سے زیادہ کھلاڑی معاہد ہ کرنے کیلئے تیارہیں جن میں سکندررضا ،چبھابااورمسکدزا بھی شامل ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق جن کرکٹرز سے رابطہ کیا گیا ہے ان میں سے متعدد کرکٹرز نے پاکستان سوپر لیگ میں دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ بعض کرکٹرز نے اس حوالے سے وقت مانگا ہے۔جن کرکٹرز نے پاکستان سوپر لیگ کھیلنے پرآمادگی ظاہر کی انہیں معاہدے کی کاپیاں بھی بھجوا دی گئی ہیں اور قوی امکان ہے کہ معاہدوں پر رواں ماہ ہی دستخط ہوں گے جبکہ پانچوں فرنچائز کے نام اکتوبر میں منتخب کرلئے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ دوسرے مرحلے میں انگلش، آسٹریلین اور کیویز کرکٹرز سے رابطے کرے گا۔ جن کرکٹرز سے رابطہ کیا گیا ہے ان سے اس حوالے سے بھی معاملات طے کئے جائیں گے کہ اگر ان کی ٹیم لیگ کے فائنل میں رسائی حاصل کرتی ہے تو اس صورت میں لیگ کا فائنل پاکستان میں کھیلا جائے تو کیا وہ اس فائنل میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے یا نہیں۔ واضح رہے حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں نے قطر اولمپک اسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور دوحہ میں موجود کرکٹ اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کرنے کی سفارش کی جسے منظور کرلیا گیا۔