جوہانسبرگ۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام)جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گرائم اسمتھ نے ابراہام ڈی ویلیئرز کے سبکدوشی کے فیصلے کو واپس لینے کیلئے آئی سی سی سے اپیل کردی۔سابق اوپنر و کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل کرکٹ سے جلد کنارہ کشی کی وجہ ڈومیسٹک کرکٹ میں زیادہ شرکت بھی ہے لہٰذا آئی سی سی اپنے قواعد وضوابط میں نرمی کرے کیونکہ انہیں جارحانہ بیٹسمین کی جلد سبکدوشی کی خبر سے صدمہ ہوا ہے۔دریں اثناء جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کوچ اوٹس گبسن نے کہا ہے کہ ابراہام ڈی ویلیئرز کے انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی کے فیصلے نے انہیں حیران کر دیا اور یہ افریقی ٹیم کی آئندہ برس ورلڈ کپ جیتنے کی امیدوں کیلئے بڑا دھکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتے ان کی ڈی ویلیئرز سے بات ہوئی جس کے دوران انہیں مطمئن کرنے کی کافی کوشش کی لیکن ان کا ذہن نہیں بدل سکا، ڈی ویلیئرز دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جن میں ابھی مزید کرکٹ باقی ہے۔