لندن۔24 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ کے سوپر مین ابراہم ڈیویلیئرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے اچانک سبکدوشی نے دنیا بھر میں ان کی مداحوں اور کھلاڑیوں کر حیران کردیا۔ ان کا ویڈیو پیغام جنگل کی آگ کی طرح پھیلا۔ سابق کرکٹرز نے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر ایلن ڈونلڈ نے کہا کہ وہ اے بی ڈی ویلیئرز کے اعلان پر حیران ہیں لیکن یہی زندگی ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اب انہیں آگے بڑھنا چاہیے۔ بہرحال حیران کن فتح گر اننگز اور شاندار کپتانی پر شکریہ۔ سابق ساتھی مارک باوچر نے کہا کہ انھیں ڈی ویلیئرز کا جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلا دن یاد ہے۔ بعد میں وہ قابل تقلید کرکٹر اور انسان کے روپ میں ڈھلے۔ جوکچھ انہوں نے ملک، ساتھی کھلاڑیوں اور پرستاروں کیلئے اس کا شکریہ۔ سری لنکا کے مہیلا جے ورھنے نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیا۔ پاکستان کے سابق ٹسٹ پلیئر بازید خان نے بھی اپنی ٹویٹ میں اے بی ڈی ویلیئرز کو جینئیس قرار دیا اور کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کی بے حد کمی محسوس ہوگی۔ سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے ان کی سبکدوشی سے بالکل مختلف پہلو نکالا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے ڈیویلیئرز کی سبکدوشی کو انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے شرمناک قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ میں انہیں تینوں فارمیٹس میں کھیلتے دیکھنا پسند کرتا، میری نظر میں جنہیں کھیلتے ہوئے دیکھا ان میں وہ تین عظیم ترین کرکٹرز میں ہیں۔سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے لکھا کہ میرے کیریئر کی سب سے قیمتی وکٹ ڈیویلیئرز ہیں۔ انہیں بولنگ کرنا عموماً بہت مشکل ہوتا تھا، شاندار کیریئر پر مبارکباد۔ سچن تنڈولکر نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا جس طرح میدان میں آپ کو کامیابیاں ملیں اسی طرح میدان سے باہر بھی کامیاب رہیں۔