ڈی ویلیئرز کا پاکستان آنے سے انکار

کراچی ۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچ کراچی منتقل کردیے گئے ہیں لیکن ہوم گراؤنڈ سے محروم ہونے والی لاہور قلندرز کی ٹیم کو یکے بعد دیگرے دوسرا دھکا لگا ہے۔لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے اپنے ہوم گراؤنڈ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میچ کھیلنے سے محروم ہو گئی اور اب انہیں کراچی میں ہونے والے میچز میں اپنے سب سے بڑے اسٹار اے بی ڈی ویلیئرز کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق اے بی ڈی ویلیئرز کمر میں تکلیف کے سبب اپنے وطن واپس لوٹ جائیں گے اور کراچی میں ہونے والے میچز میں لاہور قلندرز کی نمائندگی نہیں کریں گے۔ اے بی ڈی ویلیئرز نے لاہور میں مقرر میچز کھیلنے کی ہامی بھری تھی لیکن کراچی میں میچ کھیلنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی یقین دہانی سے انکار کردیا تھا۔ ڈی ویلیئرز نے لاہور قلندرز کے لیے 7 میچز میں 54 کی شاندار اوسط سے 218 رنز اسکور کیے ہیں اور وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف رواں سال پی ایس ایل کا آخری میچ کھیلیں گے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ڈی ویلیئرز پاکستان واپس آکر قلندرز کی آخری دو لیگ میچوں میں نمائندگی کریں گے لیکن کمر کی تکلیف کے سبب ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔