ڈی ویلیئرز واپسی کا ارادہ نہیں رکھتے

جوہانسبرگ۔27 اکتوبر (اسپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقی سابق کپتان اور جارحانہ بیٹسمین ابراہام ڈی ویلیئرز اپنے ملک میں آئندہ ماہ شروع ہونے والے نئے ٹی ٹوئنٹی لیگ ایمزانسی سوپر لیگ میں شرکت کیلئے تو بہت زیادہ پرجوش ہیں لیکن وہ جنوبی افریقہ کی ایک مرتبہ پھر نمائندگی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔آئی پی ایل 2018 کے بعد سبکدوشی کا اعلان کرنے والے ڈی ویلیئرز ایم ایس ایل میں ٹی شوانے اسپارٹنز کا حصہ بن کر چھ ماہ کے بعد میدان سنبھالیں گے۔ انہو ںنے کہا کہ کچھ عرصے سے انہیں کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا لیکن ایسے وقفہ ان کے کیریئر میں پہلے بھی آتے رہے ہیں لہٰذا مکمل فٹنس کے ساتھ بال کو ہٹ کرنا ان کیلئے ہمیشہ ایک دلچسپ چیلنج رہا ہے۔ انہوں نے ایمزانسی سوپر لیگ کو کرکٹ جنوبی افریقہ کی جانب سے درست سمت میں اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس کا حصہ بن کر جنوبی افریقی کرکٹ کی بہتری اور دنیا بھر کے شائقین کیلئے لطف کا باعث بننا چاہتے ہیں لیکن ان کا افریقی ٹیم میں اب واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔