ڈی ویلیئرز ، اسمتھ اور راشد کی پی ایس ایل میں شرکت

لاہور۔ 4اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز کے بعد آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ اور افغانستان کے راشد خان بھی پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ بن گئے۔ پی ایس ایل 4 کے ڈرافٹ کے لیے جنوبی افریقہ کے عظیم بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز، آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور افغانستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار اسپنر راشد خان فرنچائزز کی نگاہوں کا مرکز ہوں گے۔ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ بھی کئی نامور کھلاڑی پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔ ونڈیز کے ڈوین براوو، کیئرون پولارڈ اور سنیل نارائین شامل ہیں، تاہم گزشتہ ایونٹ میں براوو کو پشاور زلمی نے ٹیم میں شامل کیا تھا لیکن وہ اپنے زخم کی وجہ سے ایونٹ کا حصہ نہیں بن پائے تھے۔ ملتان سلطان کے کھلاڑی کیرون پولارڈ نے کہا ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر پاکستانی لیگ کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں۔پی ایس ایل ایک انتہائی مسابقتی ٹورنامنٹ ہے اور جب بھی دستیابی اجازت دیتی ہے تو میں پی ایس ایل کھیلنے پر غور کرتا ہوں۔ ان ہی کی بین الاقوامی ٹیم کے کھلاڑی اور اسٹار اسپنر سنیل نارائین نے بھی کئی نامور کھلاڑیوں کے لیگ کا حصہ بننے پر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ میں نے پی ایس ایل کے گزشتہ تمام ایونٹس سے بھرپور لطف اندوز ہوا۔ لاہور قلندرز کے لیے ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے سنیل نارائین نے کہا کہ آئندہ سال پی ایس ایل گزشتہ ایونٹس سے زیادہ بڑا ہوگا کیونکہ اس مرتبہ اس میں نئے اسٹارز شامل ہورہے ہیں۔آئندہ چند ہفتوں کے دوران پی ایس ایل میں ٹیموں کے پاس کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے، انہیں دوسری ٹیموں کے ساتھ ٹریڈ کرنے اور انہیں واپس ڈرافٹ میں شامل کرنے کا اختیار ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ احسان مانی نے کہا ہے کہ اعلیٰ غیر ملکی کھلاڑیوں کا بہترین مرکب ہے، اور آئندہ چند دنوں کے اندر پی ایس ایل کی جانب سے نئے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا جائے گا جو ڈرافٹ کا حصہ بیں گے۔خیال ہے کہ پاکستان سوپر لیگ کے چوتھے سیزن کا آغاز 14 فروری کو ہوگا۔