ڈی ویلرس کی ریکارڈ اننگز ، جنوبی آفریقہ 159 رنز سے فاتح

ویلنگٹن۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی آفریقہ کے کپتان ڈی ویلئرس نے ونڈے کی ریکارڈ اننگز کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میں اپنی ٹیم کی 159 رنز کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا۔ یہاں کھیلے گئے تیسرے ونڈے میں جنوبی آفریقہ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورس میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے اور جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کو 32.2 اوورس میں 112 رنز پر ڈھیر کردیا۔ ڈی ویلئرس کیلئے یہ مقابلہ ریکارڈ مظاہرہ رہا جیسا کہ انہوں نے ونڈے میں تیز ترین 9 ہزار رنز مکمل کرنے کے ریکارڈس میں ہندوستان کے سابق کپتان سورو گنگولی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ڈی ویلئرس نے 205 اننگز میں 9,000 رنز اسکور کرتے ہوئے تیزی سے یہ ہندسہ عبور کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن چکے ہیں کیونکہ ان سے قبل گنگولی نے 228 اننگز میں 9,000 رنز بناتے ہوئے ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔ علاوہ ازیں ڈی ویلئرس نے 9,000 رنز اسکور کرنے کیلئے صرف 9,005 گیندیں کھیلی ہیں جبکہ اس فہرست میں سچن تنڈولکر 235 اننگز کھیلتے ہوئے 9,000 رنز مکمل کئے تھے۔ اوسط کے اعتبار سے بھی ڈی ویلئرس سرفہرست ہیں جنہوں نے 54.04 کی اوسط سے یہ رنز بناتے ہوئے 18 ویں بیٹسمین بنے ہیں جبکہ ایم ایس دھونی 50.96 کی اوسط سے دوسرے بہتر بیٹسمین ہیں۔ علاوہ ازیں 16 ایسے بیٹسمین ہیں جن کا اوسط 45 سے کم ہی ہے۔ مین آف دی میچ ڈی ویلرس نے 80 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85 رنز اسکور کئے۔