ڈی ویلئیرس کی ریکارڈ سنچری،روہت کو پیچھے چھوڑدیا

ڈھاکہ ۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) اے بی ڈی ویلیئرس کو جب بھی موقع ملتا ہے وہ کمال کرہی دیتے ہیں۔ گزشتہ سال دسمبرمیں انہوں نے ایم ایس ایل میں اسپارٹنس کی طرف سے ناٹ آوٹ 93 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور سنچری بنانے سے صرف 7 رنوں سے محروم رہ گئے، جس کا انہیں ملال بھی ہوا ہوا تاہم بنگلہ دیش پریمیئرلیگ میں انہوں نے اس ملال کوختم کردیا۔ رنگ پوررائیڈرس ٹیم کی طرف سے یہ ڈی ویلیئرس کا چوتھا میچ تھا۔ اس سے پہلے انہیں آغازتواچھا مل رہا تھا لیکن وہ اسے بڑے اسکورمیں تبدیل نہیں کرپارہے تھے۔ تاہم ڈائنامائٹس کے خلاف میچ میں انہوں نے کمال کردیا اورطوفانی سنچری بناڈالی۔ دلچسپ بات یہ ہیکہ انہوں نے 50 گیندوں میں سنچری پوری کی اوراس کے ساتھ ہی ان کی ٹیم رنگ پوررائیڈرس نے میچ 18.2 اوروں میں 8 وکٹ سے جیت لیا۔ یہ ڈیویلئرس کی چوتھی ٹی 20 سنچری ہے۔ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈھاکہ ڈائنا مائٹس نے 20 اووروں میں دو وکٹ کے نقصان پر186 رنزکا اسکوربنایا۔ ان کی طرف سے رانی تعلقدارنے 32 گیندوں میں 52 رنز، کیرون پولارڈ نے 23 گیندوں میں 37 رن بنائے۔ اے بی ڈیویلیئرس نے 50 گیندوں میں 100 رن بنائے۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری رنگ پوررائیڈرس کی شروعات خراب رہی اورکرس گیل اورریلے روسو دوسرے اوورمیں ہی آوٹ ہوگئے لیکن ڈی ویلیئرس نے الیکس ہیلس کے ساتھ محاذ سنبھالا اورچوکوں ، چھکوں کی بارش کرتے ہوئے ٹیم کو18.2 اوورمیں ہی جیت کی منزل تک پہنچا دیا۔ ڈی ویلیئرس 50 گیندوں میں 100 رنز بناکرناٹ آوٹ لوٹے، انہوں نے 8 چوکے اور6 چھکے لگائے۔ الیکس ہیلس نے 53 گیندوں میں85 رن بنائے۔ انہوں نے 8 چوکے اورتین چھکے لگائے۔ میچ میں 6 چھکے لگانے کے ساتھ ہی ڈی ویلیئرس نے ٹی20 چھکوں کے معاملے میں روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ روہت شرما کے ٹی 20 کرکٹ میں 322 چھکے ہیں اوروہ اس معاملے میں آٹھویں نمبرپرہیں۔ ڈی یلیئرس اب 325 چھکوں کے ساتھ ساتویں نمبرپرپہنچ گئے ہیں۔ کرس گیل سب سے زیادہ چھکے لگانے والے ہیں۔