ڈی ولیئرز کے دورۂ پاکستان کے امکانات

کراچی ۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی سابق کپتان اسٹیو اسمتھ پاکستان سوپر لیگ کے سات میچوں میں چھٹی ٹیم کے لئے شرکت کریں گے لیکن امکانات کم ہیں کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں گے جبکہ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ولئیرز کے بارے میں لاہور قلندرز کی انتظامیہ پر امید ہے کہ وہ ٹورنمنٹ کے تمام میچ کھیلیں گے اور پاکستان میں ہونے والے 8 میچوں کے لئے بھی دستیاب ہوں گے۔ ذرائع کے بموجب اے بی ڈی ولیئرز کی پاکستان سوپر لیگ میں شمولیت سے لاہور قلندرز کو اسپانسرز کی جانب سے اچھا ردعمل مل رہا ہے۔ لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف پر امید ہیں کہ ان سے آئی سی سی کے سابق سربراہ ہارون لورگاٹ براہ راست رابطے میں ہیں جوانہیں پاکستان لانے کے لئے قائل کر لیں گے۔ رانا عاطف نے کہا کہ اے بی ڈی ولیئرز کی شمولیت سے ہماری ٹیم کا توازن بہتر ہوگیا ہے اور ہم پر امید ہیں کہ پاکستان سوپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں ہماری ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ اسٹیو اسمتھ چونکہ پورے ٹورنمنٹ کے لئے دستیاب نہیں تھے اس لئے ہم نے ایسے کھلاڑی کو لیا جو پی ایس ایل میں ہماری ٹیم میں اپنی کارکردگی سے جان ڈال سکے۔