ڈی جے ساؤنڈ ، ڈرون کیمرہ پر امتناع

خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ: پولیس کمشنر

کریم انگر۔/17 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر پولیس کمشنریٹ کے حدود میں ڈرون کیمرہ اور ڈی جے ساؤنڈ کے استعمال پر امتناعی احکامات عائد کردیئے گئے ہیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کمشنر کریم نگر کملاسن ریڈی نے یہ انتباہ دیا ۔ تلنگانہ میں ہر گھر گلی گلی غریب و امیر کے فرق کے بغیر جوش و خروش کے ساتھ منائے جانے والے تہوار دسہرہ کے دوران خواتین، بچے، بڑے بتکماں پھولوں کا تہوار بھی اسی جوش و خروش سے مناتے ہیں جو اس علاقہ کی تہذیب ہے۔ اس موقع پر کریم نگر شہر میں مختلف مقامات و محلہ جات ٹاور سرکل، مانیر ندی گوتمی نگر، رامچندرا پور کالونی، سپتہ گری کالونی، رام نگر، ودیا نگر مارکٹ، مارکفیڈ کسان نگر وغیرہ میں بتکماںکھیلا جاتاہے۔ مارکفیڈ میں دسہرہ کے موقع پر تقاریب منعقد ہوتی ہیں اس پروگرام کے دوران کچھ افراد مختلف شور شرابہ کے ساتھ بلند آواز جو کہ کانوں کیلئے نقصان دہ ہوتے ہیں ساؤنڈ سسٹم ڈی جے کا استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو عوام کیلئے بھی مشکل پیدا کرتے ہیں، ڈی جے پر دو سال کیلئے امتناع عائد کردیا گیا تھا اور اس سال بھی امتناع ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں رہنے والے سبھی عوام کو چاہیئے کہ وہ ڈی جے ساؤنڈ اور ڈرون کیمرہ کا استعمال نہ کریں۔ اس کی خلاف ورزی کرنے پر منتظمین انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔