ڈی ای او اکرم اللہ خان کی خدمات قابل تحسین

عادل آباد یکم فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر مسٹر اکرم اللہ خاں کو تعلیمی کمانڈر قرار دیتے ہوئے موصوف کے ساتھ خدمات انجام دینے کو باعث اعزاز مختلف ہائی اسکول کے صدر مدرس نے اپنے خطاب کے دوران تصور کیا۔ ضلع مہتمم تعلیمات دفتر کے میٹنگ ہال میںمسٹر اکرم اللہ خان وظیفہ پر سبکدوش ہونے پر ایک تقریب منعقد کی جس میں ڈی ای او دفتر،ڈائیٹ، آر وی ایم اور ضلع کے مختلف ہائی اسکول کے حدود مدرس کے علاوہ ضلع کریم نگر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد نے شرکت کی۔ بالک مندر ہائی اسکول صدر مدرس مسٹر سلیم الدین نے اپنے مختصر خطاب کے دوران مسٹر اکرم اللہ خان کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی سرپرستی میں بہت کچھ سیکھنے کا جہاں ایک طرف اعتراف کیا وہیں دوسری طرف موصوف وظیفہ پر سبکدوش ہونے کے بنا پر پائے جانے والے خلا کا احساس ظاہر کیا۔ مسٹر اکرم اللہ خان زائد 25 سالہ تعلیمی خدمات اور تقریبا دو سال عادل آباد ضلع مہتمم تعلیمات کے دوران خصوصیت کے ساتھ تعلیم کو پروان چڑھانے میں خدمات انجام دی جس پر ان کی بھر پور ستائش کی گئی ۔2012 میں ڈی ایس سی کا موثر انداز میں انعقاد عمل میںلاتے ہوئے تین ماہ کے اندر 1200 اساتذہ کے تقررات جو ریاستی سطح پر نمایاں اہمیت کے حامل سمجھے جاتے ہیں جنہیں بہتر انداز میں انجام دیئے گئے ۔

اساتذہ کے تبادلوں کے دوران کونسلنگ کے ذریعہ بخوبی حل کرنے پر بھی انہیں مبارکباد نہیں کی گئی۔ ضلع کے مختلف مقامات تمام مدارس عمارتوں کی تعمیر ،مڈ ڈے میل اسکیم کی خواطر خواہ عمل آوری پر خصوصی توجہ مسٹر اکرم اللہ خان کی خدمات کا اہم حصہ تصور کیا گیاجبکہ اس موقع پر مسٹر فضل اللہ خان نے اپنے خطاب میں موصوف کی صاف گوئی کی ستائش کرتے ہوئے بغیر کسی سیاسی دباو کے خدمات کا تذکرہ کیا۔ سینکڑوں ذمہ دار عہدیداروں کی موجودگی کے بنا پر میٹنگ ہال اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا بعدازاں مسٹر اکرم اللہ خان کی گلپوشی، شال پوشی ، مومنٹو وغیرہ پیش کرتے ہوئے مبارکباد دینے کا سلسلہ زائد از ایک گھنٹہ جاری رہا۔ اس موقع پر مسٹر اکرم اللہ خان نے عادل آباد کو آ۔ دل۔ آباد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عادل آباد میں ایک مرتبہ جو بھی عہدیدار ہے اس کیلئے واپس لوٹنا کافی گراں گذرتا ہے۔ عادل آباد کی یاد ہمیشہ اپنے دل میں قائم رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا۔