ڈی ایم کے سے خارج الاگیری کی کنی موزھی سے ملاقات

چینائی 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) معطل شدہ ڈی ایم کے قائد اور پارٹی سربراہ کے بیٹے ایم کے الاگیری نے آج اپنی نصف ہمشیرہ اور راجیہ سبھا ایم پی کنی موزھی سے ملاقات کی۔ یاد رہے کہ صرف ایک روز قبل جب کروناندھی انتخابی مہم کے سلسلہ میں باہر تھے اُس وقت الاگیری نے اپنی والدہ دیالو امّل سے بھی ملاقات کی تھی۔ کنی موزھی سے الاگیری نے سی آئی ٹی کالونی میں واقع اُن کی (کنی موزھی) رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ایک گھنٹے تک تبادلہ خیال کیا۔ البتہ اس ملاقات پر پارٹی اور الاگیری کے حامیوں کی جانب سے کوئی سیاسی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ڈی ایم کے ورکرس میں یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ کنی موزھی ۔ الاگیری ملاقات کا کوئی اہم ’’سیاسی مقصد‘‘ ضرور ہے کیونکہ لوک سبھا انتخابات کے لئے امیدواروں کے انتخاب میں الاگیری اور کنی موزھی کے حامیوں کو بالکل نظرانداز کردیا گیا ہے جبکہ اسٹالن کے حامیوں اور وفاداروں کو امیدواروں کی فہرست میں نمایاں جگہ دی گئی ہے۔ ایک طرف الاگیری اپنی والدہ سے ملاقات کررہے تھے تو دوسری طرف ایک ریالی کے دوران اُن کے برہم والد کروناندھی ببانگ دہل اعلان کررہے تھے کہ وہ الاگیری کو ڈسپلن شکنی کرنے پرمعاف نہیں کریں گے۔