ڈی ایس سی 1998 کوالیفائیڈ طلبہ کا احتجاج

چیف منسٹر کے توسیعی اجلاس میں خلل کی کوشش، کے سی آر سے وعدہ کی تکمیل پر زور
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون (سیاست نیوز) بیروزگار نوجوانوں نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے منعقدہ توسیعی اجلاس کے مقام پر دھرنا منظم کیا۔ ایچ آئی سی سی میں وزراء اور ٹی آر ایس عوامی نمائندوں کا اجلاس جاری تھا ، اس موقع پر ڈی ایس سی کوالیفائیڈ اور منتخب امیدواروں کی کثیر تعداد نے پہنچ کر باب الداخلہ پر دھرنا منظم کیا۔ 1998 ء ڈی ایس سی کوالیفائیڈ اور 2008 ء ڈی ایس سی کے منتخب امیدوار اس احتجاج میں شریک تھے۔ انہوں نے حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ریاست میں ایک لاکھ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ کیا گیا لیکن چیف منسٹر ڈی ایس سی کوالیفائیڈ اور منتخب امیدواروں کو انصاف دلانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوالیفائیڈ اور منتخب ہونے کے باوجود ہزاروں نوجوان روزگار سے محروم ہیں اور ان کے خاندان معاشی پسماندگی کا شکار ہیں۔ احتجاجیوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور انصاف کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے احتجاجی بیروزگار نوجوانوں کو حراست میں لے لیا اور انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ توسیعی اجلاس کے موقع سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور میڈیا کو بھی داخلہ کی اجازت نہیں دی گئی۔ چیف منسٹر کی تقریر کا کوریج الیکٹرانک میڈیا کو کرنے سے روک دیا گیا اور بعد میں چیف منسٹر کی تقریر کی فیڈ تلنگانہ بھون سے جاری کی گئی ۔