جمخانہ گراؤنڈ سکندرآباد پر 20 اپریل تا 31 مئی انعقاد ۔ 10 مختلف کھیلوں میں ٹریننگ کا اہتمام
حیدرآباد۔ 16 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ڈسٹرکٹ اسپورٹس اتھاریٹی (ڈی ایس اے)، حیدرآباد ہر سال کی طرح سالانہ سمر کوچنگ کیمپ 2015 ء کا انعقاد عمل میں لارہا ہے ، جو اس مرتبہ اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ اسٹیٹ کی سرپرستی میں ہوگا ۔ اے علیم خان ڈسٹرکٹ اسپورٹس ڈیولپمنٹ آفیسر حیدرآباد کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ کیمپ جمخانہ گراؤنڈ سکندرآباد میں 20 اپریل کو شروع ہوگا اور 31 مئی تک چلے گا ۔ انھوں نے بتایا کہ مجموعی طورپر 10 مختلف کھیلوں میں ٹریننگ کے انتظامات کئے جارہے ہیں ، جس کیلئے برائے نام فیس رکھی گئی ہے ۔ یہ شعبے اتھلیٹکس ، باسکٹ بال ، باکسنگ ، کرکٹ ، فٹبال ، ہینڈبال ، ہاکی ، پاور لفٹنگ ، ٹینس ، والی بال ہیں ۔ تمام کھیلوں کیلئے درخواست فارم 10/- روپئے کی ادائیگی پر دفتر ڈی ایس اے واقع جمخانہ گراؤنڈ سکندرآباد سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ سب سے زیادہ 750/- روپئے کی SSC 2015 فیس ٹینس کیلئے رکھی گئی ہے جس کے بعد باسکٹ بال کیلئے 700/- روپئے ہیں ۔ دیگر کھیلوں کیلئے 100/- روپئے کی اقل ترین فیس بھی ہے ۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار ڈسٹرکٹ اسپورٹس ڈیولپمنٹ آفیسر ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس اتھاریٹی حیدرآباد واقع جمخانہ گراؤنڈس ( فون نمبر 27900649 ) پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔