ڈیو واٹمور کا بطور کوچ آخری میچ

شارجہ ۔ 18 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف شارجہ ٹسٹ پاکستان کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچ ڈیو واٹمور کا بطور کوچ آخری میچ ہے۔ سابق سری لنکن کوچ ڈیو واٹمور کو اٹھارہ ہزار ڈالر یعنی اٹھارہ لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر پاکستانی ٹیم کا کوچ بنایا گیاتھا لیکن اگر واٹمور کی زیر نگرانی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو زیادہ تر ناکامیاں ہی پاکستانی ٹیم کے حصے میں آئیں۔ مہنگے ترین کوچ ڈیو واٹمور کی کوچنگ میں ٹیم ایشیا کپ کے علاوہ کوئی بھی میگاایونٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ چیمپیئز ٹرافی ہو یا ٹسٹ کرکٹ پاکستانی ٹیم بری طرح فلاپ ہوئی۔ جنوبی افریقہ اورسری لنکا تو چھوڑیئے پاکستانی ٹیم زمبابوے جیسی کمزور ٹیم سے بھی ٹسٹ سیریز جیت نہیں سکی۔

پی سی بی چیئرمین ذکا اشرف نے لیگل ایڈوائزر کو معطل کردیا
لاہور ۔ 18 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے لیگل ایڈوائزر تفضل رضوی کو معطل کردیا ۔ لیگل ایڈوائزر تفضل رضوی نے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو خط لکھا تھا کہ ذکا اشرف کو بطور چیئرمین بحال کرنے کے فیصلے میں قانونی پیچیدگیاں ہیں، پی سی بی اس سے متعلق وزیراعظم کے دفتر سے وضاحت طلب کرے۔واضح رہے کہ تفضل رضوی کے خط کے بعد ذکا اشرف نے انہیں معطل کردیا ہے۔