کیوری ٹیبا۔ 25؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ اسپین کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی گول اسکور کرنے والے ڈیوڈ ویلا کا بین الاقوامی کیریئر اختتام کو پہنچ گیا۔ انہیں ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران جب واپس بلایا گیا تو ان کی آنکھیں نم تھیں۔ تاہم ساتھی کھلاڑیوں نے 32سالہ سوپر اسٹار کی ہمت افزائی کی اور گرمجوشی سے الوداع کیا۔ ویلانے اپنے آخری میچ میں گیند کو جال میں پہنچا کر گولز کی تعداد 59کردی۔ انہوں نے 97میچز میں حصہ لیا۔ ڈیوڈ ویلانے میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی سبکدوشی کا اعلان کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں 55 برس کی عمر تک کھیلنا چاہتا تھا لیکن یہ ممکن نہیں، میں نے ہمیشہ اسپین کی نمائندگی میں فخر محسوس کیا۔ اس کی کامیابی کیلئے خواب دیکھے جو پورے بھی ہوئے۔ ڈیو ویلا نے ہسپانوی کلب ایتھلیٹکو میڈرڈ کو بھی خیرباد کہہ دیا ہے اور امریکی میجر لیگ سوکر سے منسلک ہوگئے ہیں۔ وہ نیویارک منتقل ہورہے ہیں جہاں نیویارک سٹی کی نمائندگی کریں گے۔
کک کو مستعفی ہو جانا چاہئے: جیفری بائیکاٹ
لندن۔ 25؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ انگلینڈ کے عظیم کرکٹر جیفری بائیکاٹ نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی، آوٹ آف فارم الیسٹرکک کو چاہئے کہ وہ ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی ایشز سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کی عبرتناک شکست کے بھیانک خواب کو ہم نہیں بھولے اوراب ٹیم کی سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی کارکردگی مایوس کن ہے۔کک کو ٹیم کے وسیع مفاد میں مستعفی ہو جانا چاہیے۔