ڈیوس کپ : پیئس ۔بوپنا کی جوڑی کامیاب

بنگلور۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) لینڈر پیئس اور روہن بوپنا کی جوڑی نے اپنے کھیل کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیوس کپ ورلڈ گروپ پلے آف مقابلوں کے دوسرے دن ڈبلس میچ میں ہندوستان کو شاندار کامیابی دلائی۔ اس کامیابی نے ہندوستان کی اس میچ میں واپسی کی اُمید کو برقرار رکھا ہے۔ سربیائی ٹیم اگرچہ ابھی بھی 2-1 سے آگے ہے، لیکن آج کھیلے جارہے دو معکوسی واحد مقابلوں کے ذریعہ ہندوستان ورلڈ گروپ میں واپسی کرسکتا ہے۔

پہلا دن ہندوستان کیلئے مایوس کن رہا۔ یوکی بھامبری کے بعد سوم دیو دیو ورمن کو بھی انفرادی مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس کے ساتھ ہی ہندوستان پہلے ہی دن 0-2 سے پیچھے ہوگیا۔ بہرحال کرناٹک اسٹیٹ لان ٹینس اسوسی ایشن کورٹ پر ہفتہ کو ہندوستان کو لینڈر پئیس اور بوپنا سے ایک بہترین میچ کی توقع تھی۔ آغاز کے 2 سیٹ 1-6، 6-7 سے گنوانے کے بعد ہندوستانی جوڑی کی واپسی کے آثار موہوم نظر آرہے تھے۔ ایسا لگ رہا تھا کہ ہفتہ کو ہی ہندوستان کے ورلڈ گروپ میں پہنچنے کی اُمید ختم ہوجائے گی

لیکن نصف درجن سے زیادہ گرانڈ سلام خطاب جیت چکے اور ہندوستان کے 100 سے زائد ڈیوس کپ میچ کھیلنے والے لینڈر پئیس کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے زبردست واپسی کی اور 1-6، 6-7(4) ، 6-3، 6-3، 8-6 جیت حاصل کرکے تاریخ بنا ڈالی۔ قبل ازیں جمعہ کو پہلے سنگلز میچ میں یوکی بھامبری کو بھی سربیا کے دسان لاجووک کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دنیا کے 153 ویں ترجیحی کھلاڑی یوکی بھامبری کو 2 گھنٹے 4 منٹ تک جاری رہے اس مقابلے میں 61 ویں ترجیحی کھلاڑی لاجووک کے ہاتھوں 6-3، 6-2 ، 7-5 سے شکست برداشت کرنی پڑی۔ دوسرے سنگلز میچ میں 144 ویں درجہ کی سینئر کھلاڑی سوم دیو دیو ورمن کو سربیا کے 107 ویں درجہ کے کھلاڑی فلپ کراجنووک نے 1-6، 6-4 ، 3-6، 2-6 سے شکست دے دی۔ آج اتوار کو سوم دیو لاجووک سے مقابلہ کریں گے جبکہ بھامبری کا سامنا کراجووک سے ہوگا۔