ڈیوس نے ایک اننگز میں ڈی ولیئرز گیل اور روہت کا ریکارڈ توڑدیا

سڈنی ۔4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) نوجوان آسٹریلیائی بیٹسمین نے یہاں انڈر 19زمرے میں کرکٹ آسٹریلیا میل نیشنل چمپئن شپ میں ریکارڈ ڈبل سنچری بناتے ہوئے ایک اوور میں چھ چھکے کا بھی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ نیو ساوتھ ویلز میٹرو کے کپتان ولی ڈیوس نے سڈنی مینلک وارنگک سی سی کے لئے کھیلتے ہوئے 115 گیندوں میں 207 رنز کی بہترین ڈبل سنچری بنائی جبکہ ان کی ٹیم نے چار وکٹ پر 406 رن بنائے۔انڈر19 میل چمپئن شپ میں سال 2001-02 کے بعد یہ کسی بھی کھلاڑی کی پہلی ڈبل سنچری ہے۔ آخری مرتبہ جیسن کریجا نے یہ کامیابی اپنے نام کی تھی۔ ڈیوس نے اننگز کے 40 ویں اوور میں چھ چھکے لگانے کی کامیابی بھی اپنے نام کی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں جملہ 17 چھکے لگائے جبکہ ڈبل سنچری میں دوسری سنچری صرف 39 گیندوں میں مکمل کی۔ ڈیوس نے میچ کے بعد کہاکہ میں نے کمزورگیندوں پر چھکے لگائے اور دوچھکوں کے بعد تو مجھے لگا کہ میں باقی گیندوں پر بھی ایسا کر سکتا ہوں۔ خیال رہے کہ لگاتار چھ گیندوں میں چھ چھکے لگانے کا کارنامہ سر گیری سوبرس ، ہرشل گبس اور یوراج سنگھ انجام دے چکے ہیں۔ وہیں بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا کارنامہ روہت شرما ، اے بی ڈویلئرس اور کرسل گیل انجام دے چکے ہیں۔ ان تینوں نے ونڈے کرکٹ میں فی کس 16 چھکے لگائے ہیں لیکن ڈیوس نے 17 چھکے لگاتے ہوئے سب کو پیچھے چھوڑدیا۔