ویلنگٹن 13؍ جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی اور سابق کپتان ڈینیل ویٹوری کو ہندوستان کے خلاف مجوزہ ونڈے سیریز کے لئے میزبان ٹیم میں منتخب کرنے پر غور نہیں کیا جا رہا ہے ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے ویٹوری کو ٹیم میں شامل نہ کئے جانے کی خبر کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے خلاف مجوزہ سیریز میں سینئر اسپنر ویٹوری کو شامل نہ کرنے کی اہم وجہ زخموں کی وجہ سے ان کے بین الاقوامی کیریئر کا غیر یقینی ہونا ہے ۔ 19؍ جنوری کو ہندوستان کے خلاف پہلے ونڈے سے شروع ہونے والی سیریز کے لئے میزبان نیوزی ٹیم کا انتخاب چہارشنبہ کو کیا جا رہا ہے اور ونڈے سیریز کے اختتام کے بعد 2 مقابلوں کی ٹسٹ سیریز کھیلی جائیگی ۔
امید کی جا رہی ہے کہ زخموں کی وجہ سے پریشان ٹیم کے کامیاب ترین اسپنر اپنے بین الاقوامی کیریئر کے متعلق رواں ماہ کوچ ہیسن نے ملاقات کریں گے۔ کوچ کے بموجب انہوں نے ویٹوری سے اس ضمن میں گفتگو کی ہے جس پر ویٹوری نے کہا کہ وہ آسٹریلیا سے وطن واپسی پر ملاقات کریں گے ۔ جس کے بعد کپتان برنڈن مکالم سے تبادلہ خیال کے بعد اسپنر کے مستقبل کے متعلق فیصلہ کیا جائیگا ۔ ویٹوری فی الحال آسٹریلیا میں بیگ باش میں شرکت کر رہے ہیں اور اس ٹورنمنٹ میں بھی وہ پیٹھ کی تکلیف سے راحت کے لئے انجکشن کا استعمال کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے لئے رائل چیالنجرس بنگلور نے ویٹوری کو کوچ مقرر کرنے کے بعد ان کے کریئر پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے ۔