مٹ پلی /13 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مٹ پلی اور کورٹلہ علاقہ ان دنوں ڈینگو بخار کی لپیٹ میں آگیا ہے اور کئی افراد موثر طبی امداد بروقت نہ ملنے سے فوت ہوچکے ہیں ۔ غریب خاندان کافی متاثر ہو رہا ہے ۔ متاثرہ کئی لوگ دواخانوں میں شریک ہیں اور علاج کے بھاری اخراجات برادشت کرنے کے قابل بھی نہیں ہیں ۔ اس خصوص میں صدر انجمن اشاعت اردو مٹ پلی جناب حافظ محمد عبدالعزیز قائدین ملت جناب محمد شاہد جناب محمد سمیع جناب محمد شکیل نے ریاستی تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہے کہ ڈینگو مرض سے متاثرہ غریب خاندان کیلئے حکومت کی جانب سے ایک لاکھ روپئے اور فوت شدہ خاندان کیلئے پانچ لاکھ روپیوں سے مدد کی جائے اور دواخانوں میں شریک مریضوں کیلئے موثر طبی امداد بہم پہونچائی جائے اور غریب خاندانوں کی مدد کیلئے حکومت آگے آئے ۔ اس خصوص میں ریاستی چیف منسٹر جناب کلواکنٹلہ چندرا شیکھر راؤ اور ریاستی وزیر صحت راجیہ توجہ دہانی کریں اور عہدیداران کیلئے ڈینگو مرض کے مزید پھیلنے اور صفائی و ستھرائی کیلئے خصوصی انتظامات کے اقدامات کروائیں گے ۔ ان دنوں کریم نگر ضلع میں اس ڈینگو مرض کی وباء زیادہ ہے ۔ حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات کے ذریعہ ہی سے اس مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔