نیویارک۔8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سربیا کے نواک جوکووچ نے راست سٹوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں اب خطاب کے لئے ان کا مقابلہ ارجنٹینا کے یان مارٹین ڈیل پوٹرو سے ہوگا ۔ پوٹروکو دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال کے سبکدوش ہونے کے بعد آسانی سے فائنل میں رسائی کا موقع مل گیا ہے ۔مرد سنگلز سیمی فائنل میں جوکووچ نے جاپان کے کائی نشی کوری کو 6۔3، 6۔4، 6۔2 سے شکست دی۔ جوکووچ کا اب اس برس لگاتار دوسرے گرانڈ سلام خطاب کے لئے پوٹرو سے مقابلہ ہوگا۔ جن کے خلاف سابق چمپئن اور ٹاپ سیڈ نڈال نے دوسرے سٹ کے بعد میچ چھوڑ دیا۔اس برس ومبلڈن خطاب جیتنے والے سربیائی کھلاڑی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپانی کھلاڑی پر لگاتار دباؤ بنایا اور17 بریک پوائنٹ کے موقع بنائے نیز پہلے سرو پر80 فیصد پوائنٹ حاصل کئے ۔ جوکووچ نے دو گھنٹے 23 منٹ میں میچ جیت لیا۔دو مرتبہ کے یو ایس اوپن چمپئن جوکووچ نے آٹھویں مرتبہ یہاں فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے ۔ چھٹے سیڈ کھلاڑی نے پہلے ہی سروس گیم پر نشی کوری کی سروس بریک کی اور پہلا سٹ ایس پر صرف37 منٹ میں جیت لیا۔اکتیس سالہ سربیائی کھلاڑی کو نشی کوری نے سال 2014 میں شکست دی تھی۔ اس جیت کے ساتھ جوکووچ نے جاپانی کھلاڑی کے خلاف اپنا کریئر ریکارڈ 17 میچوں میں 15 جیت کے ساتھ مزید مضبوط کرلیا ۔جوکووچ گزشتہ برس کُہنی کی چوٹ کے سبب یو ایس اوپن نہیں کھیل سکے تھے وہ سرجری کے بعد اس برس واپسی کررہے ہیں۔ ایک ہی برس میں لگاتار دوسرے گرانڈ سلام فائنل میں پہنچنے سے واضح ہے کہ وہ پھر سے اپنی فارم میں کھیل رہے ہیں۔ اگرچہ 13 گرانڈ سلام چمپئن کو پوٹرو کے خلاف بھی انہیں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا جنہوں نے نیویارک میں اب تک چھ میچوں میں سے صرف ایک ہی سٹ گنوایا ہے ۔سال2009 کے چمپئن پوٹرو کے خلاف میچ کے بارے میں سربیائی کھلاڑ ی نے کہا کہ پوٹرو میرے اچھے دوست ہیں، وہ ہمیشہ طاقتور فارہینڈ کھیلتے ہیں اور مضبوط سروس کرتے ہیں۔ میرے لئے اہم ہوگا کہ میں ان کے خلاف کس طرح واپسی کرتا ہوں اور ٹھیک سے سرو بھی ضروری ہوگا۔دن کے پہلے سیمی فائنل میچ میں سابق چمپئن نڈال نے گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے دوسرے سٹ میں اپنا میچ پوٹرو کے خلاف چھوڑ دیا۔ نڈال نے پوترو کے خلاف 7۔6، 6۔2 کے اسکور پر میچ چھوڑ دیا جس سے ارجنٹینا کے کھلاڑی نے سال2009 کی خطابی جیت کے بعد پہلی مرتبہ یو ایس اوپن کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔نڈال اس سے قبل یو ایس اوپن کے کسی بھی میچ میں سبکدوش نہیں ہوئے تھے لیکن پوٹرو کے خلاف میچ میں وہ 69 منٹ تک چلنے والے پہلے سٹ کے بعد اچھا محسوس نہیں کررہے تھے انہیں دوسرے سٹ میں ٹرینر کی مدد بھی لینی پڑی۔ سابق چمپئن کو پیر پر ٹیپ باندھ کر کھیلنا پڑا۔ پوٹرو نے کہا کہ میچ جیتنے کا یہ طریقہ نہیں ہوتا۔ مجھے نڈال کے ساتھ کھیلنا پسند ہے کیونکہ وہ بڑے کھلاڑی ہیں۔ مجھے ان کے لئے کافی افسوس ہے ۔یہ لگاتار دوسرا برس ہے جب گرانڈ سلیم میں کوئی نمبر ون کھلاڑی سبکدوش ہوا ہے ۔ اس سے قبل وہ جنوری میں آسٹریلین اوپن میں بھی مارن سلچ کے خلاف کوارٹر فائنل میں سبکدوش ہوگئے تھے ۔