ڈیل پوٹرو نے سڈنی انٹرنیشنل خطاب جیت لیا

سڈنی ۔11جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) جان مارٹن ڈیل پوٹرو نے اپنے طاقتور فورہینڈ اسٹروک سے دفاعی چمپئن اور آسٹریلیائی کھلاڑی برنارڈ ٹامک کو یکطرف مقابلہ میں 6-3 ‘ 6-1سے شکست دیتے ہوئے سڈنی انٹرنیشنل اوپن خطاب حاصل کرلیاہے ۔ 53منٹ پرمشتمل اس مقابلہ میں ڈیل پوٹرو اپنے حریف پر مکمل طورپر حاوی رہے ۔ ڈیل پوٹرو نے اپنے کریئر میں 18واں خطاب حاصل کرلیا ہے

اور اس طرح وہ سڈنی میں 2009ء میں ڈیوڈ نلبنڈین کے بعد خطاب حاصل کرنے والے دوسرے ارجنٹینا کے کھلاڑی بنے ہیں ۔ ڈیل پوٹرو کے لئے یہ ایک بہترین ٹورنمنٹ رہا جیسا کہ پیر کو سیزن کا پہلا گرانڈ سلام ٹورنمنٹ شروع ہورہا ہے اور ممکن ہے کہ کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہرافل نڈال سے ہو۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ڈیل پوٹرو نے کہا کہ خطابی مقابلہ آسان نہیں ہوتا لیکن آج جس طرح میں نے مظاہرہ کیا وہ میرے لئے خود حیران کن ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ میرا فور ہینڈ بہترین رہا جب کہ سرویس بھی مکمل بہتر رہی ۔ علاوہ ازیں میں نے کئی ایسیس اور بہتر سلائس بھی استعمال کئے۔ڈیل پوٹرو نے کامیابی کیلئے ایک ایس مارتے ہوئے اپنے کریئر کا 18واں اور سڈنی میں پہلا خطاب حاصل کرلیا ہے ۔

بوپنا ۔قریشی کو فائنل میںشکست
سڈنی ۔11جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) روہن بوپنا اور اعصام الحق قریشی کو سڈنی انٹرنیشنل کے فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑی ‘ جیسا کہ انہیں ڈینیل نیسٹر اور نینڈ ژیمونچک کے خلاف 6-7(3) ‘ 6-7(3) کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ بوپنا اور قریشی نے اپنی سرویس میں تمام پانچ بریک نشانات کو تو بچانے میں کامیابی حاصل کی تاہم وہ 511,825امریکی ڈالر انعامی رقم کے ٹورنمنٹ میں کامیابی حاصل نہیں کرپائے ۔