ڈیل پوٹروکا سیمی فائنل میں ٹرسونو سے مقابلہ

سڈنی ۔9جنوری(سیاست ڈاٹ کام ) ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں پانچویں مقام پر فائز ارجنٹینا کے دراز قد کھلاڑی جان مارٹن ڈیل پوٹرو نے دوسرے سیٹ میں شکست کے باوجود راڈیک اسٹپنیک کو 6-4‘ 3-6‘ 6-3 سے شکست دیتے ہوئے سڈنی انٹرنیشنل کے سیمی فائنل میر رسائی حاصل کرلی ہے۔ جہاں ان کا مقابلہ روسی کھلاڑی دیمترو ٹرسونو سے ہوگا جنہوں نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں ازبکستان کے ڈینس استومن کو راست سیٹوں میں 7-6(7-5) ‘ 6-2سے شکست دی ہے۔ ڈیل پوٹرو کو کوارٹر فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے راڈک کے خلاف اپنی تیز رفتار سرویس کو برقرار رکھنا پرا ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ڈیل پوٹرو نے کہاکہ دوسرے سیٹ میں حریف کھلاڑی نے اپنے کھیل کو بہتر بناتے ہوئے میرے لئے مشکلات پیدا کی۔

خاتون زمرہ کے مقابلہ میں ٹورنمنٹ کی سرفہرست کھلاڑی پیٹرا کویتوا کو بلغاریہ کی کوالیفائر کھلاڑی سویتانا پیرون کوا کے خلاف سیمی فائنل میں حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔سویتانا نے سیمی فائنل میں کویتوا کو 6-4 ‘ 6-3شکست دی ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے 26سالہ کھلاڑی نے کہاکہ ایک طویل عرصہ سے میں ڈبلیو ٹی اے فائنل مقابلہ میں شرکت کا انتظار کررہی تھی ۔ سویتانا کو کویتوا کے خلاف 2011ومبلڈن کے کوارٹر فائنل او ر رواں برس آل انگلینڈ کلب کے سیمی فائنل میں شکست ہوئی تھی۔ فائنل میں سویتانا کا مقابلہ جرمنی کی ابھرتی کھلاڑی اینجلک کربر سے ہوگا جنہوں نے امریکی کھلاڑی مڈیسن کیز کو راست سیٹوںمیں 6-4 ‘ 6-2سے شکست دی ہے۔